بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) ریاستی حکومت نے ریاست کی سب سے سینئر آئی پی ایس آفیسر نیلامنی راجو کو ریاستی پولیس کی سربراہ کے طور پر مقرر کیاہے۔ 1983 بیچ کی آئی پی ایس آفیسر نیلامنی این راجو ریاست کی پہلی خاتون ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ہوں گی۔ انہوں نے رخصت پذیر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آر کے دتہ سے اس عہدہ کا جائزہ لیا، آج اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی طرف سے انہیں تقرر کا باضابطہ حکمنامہ جاری کرنے کے ساتھ آئی پی ایس افسران کے تبادلے بھی کئے گئے ۔ سی آئی ڈی کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ایچ سی کشور چندرا کو کرناٹکا اسٹیٹ پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کا سربراہ مقرر کیاگیا۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انسداد کرپشن بیورو ایم این ریڈی کو ڈی جی پی ہوم گارڈس وفائر سرویسس مقرر کیا گیا ۔ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پروین سود کو ڈی جی پی کے عہدہ پر ترقی دے کر انہیں داخلی سلامتی کا شعبہ سونپا گیا ہے۔ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نظم وضبط الوک موہن کو مواصلات کا شعبہ دیا گیا ہے۔ اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سنجے سنگھ کو کرناٹک لوک آیوکتہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمل پنت اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انتظامیہ کواڈیشنل ڈی جی پی نظم وضبط بنایا گیا ہے۔ پرشیو مورتی اڈیشنل ڈی جی پی لوک آیوکتہ کا تبادلہ کرکے انہیں ڈی جی پی انتظامیہ مقرر کیاگیا ہے۔